نیویارک(نیوزڈیسک) امریکی گیلپ پول کے مطابق سال 2015 میں بھی سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن مسلسل 14 ویں سال بھی دنیا کی پسندیدہ ترین خاتون قرار پائی ہیں جب کہ لڑکیوں کی تعلیم میں پاکستان کا نام روشن کرنے والی ملالہ یوسف زئی کو دوسری پسندیدہ ترین خاتون قرار دیا گیا ہے۔گیلپ پول کے مطابق ہیلری کلنٹن کو 20 ویں مرتبہ دنیا کی پسندیدہ ترین خاتون کا اعزاز ملا ہے جس کے بعد وہ مسلسل 14 ویں مرتبہ پسندیدہ ترین خاتون کہلانے والی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔ پول میں امریکی صدر براک اوباما کو 8 ویں مرتبہ دنیا کا پسندیدہ ترین انسان قرار دیا گیا ہے جب کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی کو دنیا کی سب زیادہ پسند کی جانے والی خواتین میں دوسرا نمبر دیا گیا ہے جو ان کی شخصیت کی مقبولیت کا آئینہ دار ہے۔دسمبر میں کیے گئے سروے کے دوران 18 سال سے زائد عمر کے 824 افراد سے سوالات کیے گئے جس میں سے 13 فیصد نے ہیلری کلنٹن کے حق میں رائے دی جب کہ 5 فیصد کا کہنا تھا کہ ملالہ یوسف زئی دنیا کی سب سے زیادہ سراہی جانے والی خاتون ہیں۔ اوپرا ونفیری اور براک اوباما کی اہلیہ مشیل اوباما مشترکہ طور پر خواتین میں تیسرے نمبر پر رہیں۔ مردوں میں امریکی صدر براک اوباما 17فیصد کے ساتھ دنیا کے سب سے زیادہ سراہے جانے والے مرد قرار دیئے گئے جب کہ پوپ فرانسس اور امریکی صدارت کے متنازعہ امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ 5 فیصد کے ساتھ مشترکہ طورپر دوسرے نمبر پر رہے۔گیلپ پول کی تاریخ میں پہلی 10 پوزیشنز میں سب سے زیادہ بار بلی گراہم کا نام آیا جسے 59 بار پہلی دس پوزیشنز میں سے کسی نہ کسی پوزیشن کے حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ¾ برطانوی ملکہ الزبیتھ دوئم اس فہرست میں دوسری نمبرپر رہیں وہ پہلی دس پوزیشن میں 47 بار منتخب کی گئیں اور سابق برطانوی وزیر اعظم مارگریٹ تھیچر 34 بار منتخب ہوکر تیسرے نمبر پر رہیں۔