استنبول(نیوزڈیسک) ترک حکام نے داعش سے تعلق کے شبہ میں تین افراد کو گرفتار کیا ہے جن میں سے دو کا تعلق پاکستان سے بتایا جارہا ہے۔سرکاری نیوز ایجنسی انتولیہ کے مطابق پاکستانی افراد کو گزشتہ ہفتہ استنبول میں ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔بعدازاں پولیس نے آپریشن کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے ایک برطانوی شہری کو ضلع فتح کے ایک بس اسٹاپ سے گرفتار کیا جنہیں حسن کے نام سے شناخت کیا جارہا ہے۔تمام ملزمان کو عدالت نے ریمانڈ پر انتظامیہ کے حوالے کردیا ہے۔رپورٹ کے مطابق حسن این لیسلے ڈیوس سے رابطے میں ہے جسے ’جہادی جون‘ کا قریبی ساتھی مانا جاتا ہے تاہم امریکہ کے مطابق وہ شام میں ہونے والے ایک ڈرون حملے میں مارا جاچکا ہے اس سے قبل ترکی نے ڈیوس نامی ایک برطانوی مبینہ عسکریت پسند کو گرفتار کیا تھا جسے پیرس حملے والے دن ہی استنبول سے گرفتار کیا گیا تھا۔ڈیوس پر الزام ہے کہ وہ استنبول میں پیرس طرز کے حملوں کی منصوبہ بندی کررہا تھا تاہم اس کے بعد سے مبینہ عسکریت پسند کے حوالے سے کوئی معلومات منظر عام پر نہیں آئیں۔دسمبر کے آغاز میں ترک حکومت نے 89 ممالک سے تعلق رکھنے والے 2700 مشتبہ عسکریت پسندوں کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا تھا جنہیں ڈی پورٹ کیا جاچکا ہے۔