جدہ(نیوز ڈیسک) سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار میں نو سو خواتین امیدوار بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔ سعودی عرب میں میونسپل کونسل کے انتخابات ہفتے کو منعقد ہونگے جس میں تین ہزار ایک سو سیٹوں کے لیے نو سو خواتین امیدوار میدان میں ہیں۔ مگر خواتین ووٹرز کی تعداد مردوں کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ہفتے کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ایک لاکھ تیس ہزار سے زائد خواتین ووٹ کاسٹ کریں گی جبکہ مرد ووٹرز کی تعداد دس لاکھ سے بھی زائد ہے۔ اس سے قبل خواتین کو سعودی عرب میں کسی قسم کے انتخابات میں حصہ لینے اور ووٹ ڈالنے پر پابندی عائد تھی۔سعودی عرب میں خواتین کے لیے سخت قوانین پائے جاتے ہیں جس کے مطابق خواتین گاڑی نہیں چلاسکتی اور نہ ہی نامحرم کے ساتھ سفر کرسکتی ہیں۔