لندن(نیوزڈیسک ) پیرس حملوں کے بعد برطانیہ میں مسلمانوں کے خلاف متعصبانہ اور نسلی حملوں میں300 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔ برطانوی اخبار ”دی انڈیپنڈنٹ“ کی رپورٹ میں برطانوی حکومت کے ورکنگ گروپ کی رپورٹ کا حوالہ دیتے دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ پیرس حملوں کے بعد ایک ہفتے کے دوران مسلمانوں کو تعصب کا نشانہ بنائے جانے اور ان پر حملوں کے 115 واقعات سامنے آئے۔ مسلمانوں کو نفرت کی بنا پر تعصب کا نشانہ بنانے کے زیادہ تر واقعات میں برطانیہ میں مقیم 14 سے 45 سالہ خواتین کو اسلامی لباس پہننے پر نشانہ بنایا گیا۔ حملہ کرنے والے زیادہ تر 15 سے 35 سالہ انگریز مرد تھے۔رپورٹ کے مطابق مسلمانوں کو نفرت پر مبنی حملوں کا نشانہ بنانے کے حوالے سے واقعات کی یہ تعداد حتمی نہیں ہے کیونکہ متعصبانہ رویوں کا نشانہ بننے والے کئی افراد نے خوف کی وجہ سے پولیس یا اپنی کمیونٹی گروپس سے اس حوالے سے کوئی رابطہ ہی نہیں کیا۔ حکومتی ورکنگ گروپ کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ زیادہ تر واقعات عوامی مقامات بالخصوص بسوں اور ٹرینوں میں پیش آئے جہاں حجاب پہنی 34 خواتین اور 8 چھوٹے بچوں کو زبانی یا جنسی حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں کا نشانہ بننے والے بیشتر متاثرین کا کہنا تھا کہ جب ان پر حملہ کیا گیا اس وقت کوئی ان کی مدد کے لیے نہیں آیا۔ 16 متاثرین نے کہا کہ ان واقعات نے انہیں خوفزدہ اور اندر سے ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اب وہ خود کو محفوظ محسوس نہیں کر رہے۔ عوامی مقامات پر متعصبانہ اور نسلی حملوں کے 8 واقعات میں مسلمان خواتین کو ان کے بچوں کے سامنے نازیبا کلمات کہے گئے جن سے بچوں کے ذہنوں پر منفی اثر پڑا۔