ریاض(نیوزڈیسک)سعودی عرب کے مرحوم فرمانروا شاہ فیصل بن عبدالعزیز کے صاحبزادے شہزادہ بندر الفیصل انتقال کر گئے , ان کی عمر 72 سال تھی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شہزادہ بندر الفیصل کی نماز جنازہ منگل کے روز دارلحکومت ریاض کی امام ترکی بن عبداللہ مسجد میں ادا کی گئی۔شہزادہ بندر الفیصل، مکہ کے موجودہ گورنر شہزادہ خالد الفیصل، مرحوم شہزادہ سعود الفیصل، شہزادہ محمد الفیصل اورشہزادہ ترکی الفیصل کے بھائی تھے۔ وہ سعودی عرب کی شاہی فضائیہ میں خدمات انجام دیتے رہے اور اس میں جنرل کے عہدے تک پہنچے۔ یاد رہے کہ شہزادہ بندر الفیصل وزیر دفاع اور ہوابازی کے دفتر میں سینئر مشیر کے طور پر خدمات سرانجام دیتے رہے۔مرحوم شہزادہ بندر الفیصل اپنی خیراتی سرگرمیوں کی وجہ سے پوری اسلامی دنیا میں معروف تھے۔