جے پور (نیوزڈیسک) بھارت میں عدم برداشت عروج پر پہنچ گئی ہے اور اب اصلی کے بعد نقلی گائے پر بھی تنازع پیدا ہوگیا ، پلاسٹک کی گائے کو فضا میں معلق رکھنے پر 2؍ فنکار گرفتار کرلئے گئے ۔ برطانوی ریڈیو کے مطابق راجھستان کے شہر جے پور میں پولیس نے جے پور آرٹ سمٹ میں اُس وقت چھاپا مارا، جب وہاں ایک نمائش جاری تھی۔اس نمائش میں پلاسٹک سے بنی گائے میں ہیلیم گیس بھر کر اُسے فضا میں معلق کیا گیا تھا۔ راجھستان کی پولیس کا کہنا ہے کہ بعض مظاہرین کے احتجاج کے بعد وہ نمائش میں آئے ہیں۔ مقامی پولیس اہلکار نے بتایا کہ ’کئی افراد ہمارے پاس آئے اور انہوں نے کہا کہ بعض آرٹسٹوں نے گائے کو غلط انداز میں دکھایا ہے‘۔ پولیس کا کہنا کے مظاہرین کے مطابق ایک بڑی سی گائے ہوا میں معلق ہے جس سے ہندوؤں کے مذہبی جذبات مجروع ہو رہے ہیں کیونکہ گائے ہندو مت میں مقدس مقام رکھتی ہے۔ مظاہرین کے احتجاج کے بعد پولیس نے نمائش میں آ کر گائے کی شکل کے غبارے کو نیچے اُتارا جس کے بعد ہندو مظاہرین نے گائے کی پوجا کی اور اُس پر پھول چڑھائے۔ پولیس نے نمائش میں شریک دو فنکاروں انیش آلوہوالیا اور چیتن اوپادھئے کو کچھ دیر کیلئے حراست میں رکھنے کے بعد رہا کر دیا۔ایک فنکار سدھارت کاروال کا کہنا ہے کہ گائے کی شبیہہ کے اس غبارے کو انھوں نے’ مقدس گائے‘ کا نام دیا تھا۔ اس کے ذریعے وہ بھارت میں گائے کے آبادی میں کمی کو ظاہر کرنا چاہتے ہیں جو کہ پلاسٹک کھاتی ہیں اور جو اس کے گلے میں پھنس جاتا ہے جس کی وجہ سے اکثر اس کی موت بھی ہو جاتی ہے۔ فنکاروں کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ بھارت میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت کو ظاہر کرتا ہے۔