واشنگٹن (آئی این پی)معروف سوشل میڈیا نیٹ ورک ”فیس بک” کے بانی اور انتظامی سربراہ مارک زکربرگ نے بیٹی کی پیدائش کے سلسلے میں دو ماہ کے لئے تعطیلات پر جانے کا فیصلہ کرلیا۔ٹیکنالوجی نیوز گیٹ وے کے مطابق فیس بک ملازمین کو بچوں کی پیدائش پر چار مہینے کی تعطیلات لینے کا حق حاصل ہے، لیکن مارک زکربرگ نے اپنے لئے صرف دو مہینے کی تعطیلات کا انتخاب کیا ہے۔ انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ کس تاریخ سے چھٹی پر جائیں گے، تاہم ان کی اہلیہ کے ہاں بیٹی کی پیدائش 2016ء کی پہلی سہ ماہی میں متوقع ہے۔اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر مارک زکربرگ نے لکھا ہے کہ حالیہ مطالعوں سے ثابت ہوا ہے کہ جو والدین اپنے نومولود بچوں کے ساتھ وقت گزارنے کے لئے چھٹی کرتے ہیں، ان کی دفتری کاموں کی صلاحیت کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔اس بات کے قطع نظر کہ مارک زکربرگ نے فیس بک کی بنیاد رکھی، تاہم وہ ماضی میں اس فورم کو اپنی ذاتی زندگی سے متعلق امور کی تشہیر کے لئے نہایت کم استعمال کرتے رہے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نیاس فورم پر اپنے ذاتی اکاؤنٹ پر لائیک کا آپشن اوپن کیا جس کے بعد ان کے فینز کی تعداد 42 ملین تک جا پہنچی ہے۔ وہ اپنے ذاتی زندگی کے اہم واقعات فیس بک پر شیئر کر رہے ہیں۔ اس مقصد کے لئے انہوں نے قاریئن کے لئے ایئر آف بکس کا سلسلہ شروع کیا ہے جس میں ہر ہفتے ایک نئی کتاب متعارف کراتے ہیں جس پر ان کے فینز بڑی تعداد میں مطالعے کے بعد تبادلہ خیال کرتے ہیں۔