ممبئی(آئی این پی) بھارتی ٹی وی چینل کے سابق سی ای او پیٹر مکھر جی کو اپنی سوتیلی بیٹی کے قتل کیس میں گرفتار کر لیاگیا ،، سی بی آئی نے چارج شیٹ میں انہیں ملزم قرار دیدیا۔بھارتی ٹی وی پر ساس بہو کی سازشیں دکھانے والے چینل کے سابق سی ای او کی اپنی زندگی کہانی بن گئی۔ہائی پروفائل شینا بورا کیس میں پیٹر مکھرجی کو گرفتار کر لیا گیا،ان پر اپنی بیوی اندرانی مکھرجی کیساتھ مل کر اپنی سوتیلی بیٹی کو مارنے کا الزام ہے۔سی بی آئی نے چارج شیٹ میں پیٹر مکھرجی کو ملزم قرار دیا ہے،ان کا بیٹا راہول اندرانی کی بیٹی شینا سے شادی کرنا چاہتا تھا۔چارج شیٹ میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ شینا کی سوتیلی بہن ودھی مکھرجی نے اسے اس کے قتل سے ایک سال پہلے ہی ایس ایم ایس کے ذریعے خبردار کر دیا تھا کہ اس کی جان کو خطرہ ہے،اس نے لکھا تھا کہ ماما کچھ غلط کرنے جا رہی ہیں۔اندرانی کو خوف تھا کہ اگر شینا نے راہول سیشادی کر لی تو پیٹر کی ساری جائیداد اس جوڑے کے نام ہو جائے گی،اس لئے اس نے اپنے سابق شوہر سنجیو کھنہ اور ڈرائیور شیام رائے کے ساتھ مل کر شینا کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایاجس کا علم پیٹر مکھرجی کو بھی تھا۔شینا بورا کا اپریل2012 میں قتل کر دیا گیا تھا اور لاش جلا کر جنگل میں پھینک دی گئی تھی۔