کراچی(نیوزڈیسک) روس نے پاکستان کے ساتھ ایک اورشاندارمعاہدے کااعلان کردیا،بھارت میں کھلبلی مچ گئی ۔روس پاکستان میں ہیلی کاپٹر سروس سینٹر قائم کرے گا۔ روسی خبر رساں ادارے Sputnikکے مطابق ہیلی کاپٹرسروس سینٹر کے قیام کیلئے ماسکو اوراسلام آباد کے درمیان بات چیت جاری ہے۔ روسی ادارے روزٹیک انٹرنیشنل کوآپریشن ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ وکٹر کیلڈوف کا کہنا ہے کہ ماسکو اور اسلام آباد پاکستان میں ایک روسی تکنیکی سروس سینٹر، بنانے پر مذاکرات کر رہے ہیں جس کا کام ہیلی کاپٹروں کی دیکھ بھال اور مرمت ہوگا ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں روسی ہیلی کاپٹروں کی ایک بڑی تعداد ہے۔روزنامہ جنگ کے صحافی رفیق مانگٹ کی رپورٹ کے مطابق مارچ میں پاکستانی صدر ممنون حسین نے اعلان کیا تھا کہ اسلام آباد روس کے ساتھ فوجی تکنیکی تعاون کو وسعت دینے اور روسی ہیلی کاپٹر گن شپ کی خریداری کا ارادہ رکھتا ہے۔اسلام آباد میں روسی سفارت خانے کے ترجمان کے مطابق اگست میں روس کی سرکاری اسلحہ برآمد کنندہ اور پاکستان کی وزارت دفاع کے درمیان چار جنگی ہیلی کاپٹر ایم آئی35 کے لئے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے ۔ایک اور رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ روس پاکستان کو مزید ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اور روس پاکستان کو بارہ ہیلی کاپٹر فراہم کرسکتا ہے۔ ادھر بھارتی اخبار’’اکنامک ٹائمز‘‘ کے مطابق روس کی طرف سے پاکستان کو دفاعی سازوسان جن میں ہیلی کاپٹرز، جنگی لڑاکا طیارے شامل ہیں ان کے متعلق ماسکو سے اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے،بھارتی وزیر دفاع منوہر پرپریکر نے ماسکو میں روسی وزیر دفاع سرگئی شوئیگو کے سامنے یہ مسئلہ اٹھا یا ہے۔ بھارت نے زیادہ تر اس بات کو اٹھایا کہ روس پاکستان کو جنگی طیارے ایس یو35 دے رہا ہے۔ تاہم ماسکو نے پاکستان سے ایسے کسی معاہدے پر دستخط کی تردید کی ۔بھارت نے روس سے ان رپورٹوں کی وضاحت بھی طلب کی ہے کہ روس اور پاکستان پہلی بار مشترکہ فوجی مشقیں کرنے جا رہا ہے۔