دبئی(نیوز ڈیسک) ایئر چیف مارشل سہیل امان کا کہنا ہے کہ محدود مسائل کے باوجود پاکستان دہشت گردی کی لعنت کے خلاف لڑرہا ہے۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی ) کے مطابق دبئی میں جاری ایئرشو کے دوران پاکستانی پویلین کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ایئر چیف سہیل امان کا کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی کے کامیاب آپریشنز کے بعد پاکستان دہشت گردی کے جنگ میں ایک رول ماڈل کے طور پر سامنے آیا ہے.ان کا کہنا تھا کہ ان آپریشنز کی مدد سے ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں مدد ملی ہے.ایئرشو میں پاکستانی پویلین، پاکستان ایروناٹیکل کمپلیس، کامرہ کی جانب سے لگایا گیا تھا۔ایئر چیف کا کہنا تھا کہ دبئی ایئر شو میں پاکستان ایئرفورس کی شرکت پاکستان کے لیے اس حوالے سے فخر کی بات ہے کہ بہت سے ممالک بالخصوص اسلامی ممالک نے ہمارے جے ایف 17 ٹھنڈر طیاروں میں دلچسپی کا اظہار کیا.پی اے ایف ترجمان کے مطابق پاکستان ایئر فورس کے سپر مشاق ایئرکرافٹ نہ صرف نمائش کے لیے رکھے گئے تھے بلکہ ایئر شو میں ان کا فضائی مظاہرہ بھی کیا گیا۔دبئی ایئر شو کا افتتاح دبئی کے حکمران اور وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کیا، اس موقع پر مختلف ممالک کی فضائی افواج کے سربراہان سمیت مختلف ممالک کے مندوبین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔پاکستان کی جانب سے ایئرشو میں شرکت کرنے والوں میں ایئر چیف مارشل اور پاکستان ایئرفورس کے چیف آف دی ایئر اسٹاف سہیل امان کے ساتھ وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین بھی شامل تھے۔دوسری جانب ایئر چیف سہیل امان نے متحدہ عرب امارات فضائیہ اور ایئرڈیفنس کے کمانڈر ایئروائس مارشل ابراہیم نصیر احمد العلاوی سے ملاقات کی اور پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد نے ایئر شو کے دوران مختلف اسٹالز کا دورہ بھی کیا اور مختلف ممالک کی فضائی افواج کے اعلیٰ سطحی افسران سے بھی ملاقات کی۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں