ٹورنٹو(آن لائن)کینیڈا کے نومنتخب وزیراعظم نے جہاں اپنی کم عمری کے باعث دنیا بھر کی توجہ سمیٹی وہیں اپنی کابینہ میں تیس سالہ افغان خاتون کو شامل کرکے بھی سب کو حیران کردیا۔اپنے منفرد اندازِ سیاست کے باعث خبروں میں رہنے والے کینیڈا کے تینتالیس سالہ وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے حلف برداری کے موقع پر اپنی کابینہ کا اعلان کیا تو بھی لوگوں کو حیران کرنا نہ بھولے۔ کابینہ میں نہ صرف مردوں اور خواتین کی تعداد برابر رکھی بلکہ ایک افغان نژاد خاتون کو جمہوری اداروں کی وزیر بنادیا۔مریم منصف گیارہ سال کی تھیں جب ان کی والدہ نے انیس سو چھیانوے میں افغانستان سے کینیڈا ہجرت کی۔ لبرل پارٹی سے تعلق رکھنے والی مریم کینیڈا کی پہلی رکن پارلیمنٹ ہیں جو افغانستان میں پیدا ہوئیں۔