ریاض (نیوزڈیسک)سعودی عرب نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کیخلاف اسرائیلی جارحانہ اقدامات بد ترین دہشتگردی کی صورتیں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی ریاست مظلوم فلسطینیوں کیخلاف وحشیانہ جنگی جرائم کی مرتکب ہو رہی ہے عرب ٹی وی کی مطابق سعودی کابینہ کے سوموار کے روز ہوئے اجلاس میں فلسطین میں اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کی گئی۔ اس موقع پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ قابض اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نہتے اور معصوم فلسطینیوں کا قتل عام، مقدس مقامات کی بے حرمتی دہشت گردی کی بدترین شکلیں ہیں۔ سعودی عرب عالمی برادری سے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کے منظم جرائم روکنے کے لیے پرزور مطالبہ کرتا ہے۔خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس ریاض میں قصر الیمامہ میں ہوا۔ اجلاس میں پاکستان اور افغانستان میں ایک ہفتہ قبل زلزلے کے نتیجے میں ہونے والی اموات اور مصر میں روسی طیارے کے حادثے میں ہلاکتوں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا۔