ماسکو(نیوزڈیسک)روس کی فضائی کمپنی کوگالی ماویا نے الزام عائد کیا ہے کہ گذشتہ ہفتے صحرائے سینا میں تباہ ہونے والا مسافر بردار طیارہ بیرونی عوامل کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ماسکو میں فضائی کمپنی کے ڈپٹی ڈائریکٹر الیگزینڈرسمرنوف نے پیر کو ایک پریس کانفرنس میں بتایاکہ حادثہ بیرونی وجوہات کی بنا پر ہوا،انہوں نے کہاکہ شہری ہوا بازی کے ماہرین کی طرف سے طیارے کے ’بلیک باکس‘ سے ڈیٹا حاصل کر کے ابھی حادثے کی تحقیقات ہونا باقی ہیں تاہم اس حادثے میں تخریب کاری کا عنصر یکسر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ماسکو میں فضائی کمپنی کے ڈپٹی ڈائریکٹر الیگزینڈر سمرنوف نے ایک پریس کانفرنس میں حادثے میں تکنیکی خرابی اور پائلٹ کی غلطی کے امکان کو رد کر دیا اب اس فضائی کمپنی کا نام تبدیل کر کے میٹرو جیٹ رکھ دیا گیا ہے۔لیگزینڈر سمرنوف نے کہا کہ فضا میں جہاز کے پھٹ جانے کی واحد قابلِ فہم وجہ کسی بیرونی چیز سے ٹکراو ¿ ہو سکتا ہے۔فضائی کمپنی کے ایک اور اہلکار نے اس بات کا اعتراف کیا کہ تباہ ہونے والے جہاز کے ماضی میں بھی نقصان پہنچ چکا ہے اور 2001 میں اڑان بھرتے ہوئے اس کی دم کو نقصان پہنچا تھا۔لیکن انھوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ اس کی مناسب مرمت کر لی گئی تھی اور یہ حادثے کے تباہ ہونے کی وجہ نہیں ہو سکتا۔