واشنگٹن.(نیوزڈیسک) امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے فلسطینی اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) پر پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے ایک بار پھر اسرائیل نوازی کا کھل کر مظاہرہ کیا ہے۔ادھر حماس نے جان کیری کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔امریکی وزیرخارجہ نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ فلسطین میں اسرائیل پرحملوں اور یہودیوں کیساتھ چھیڑ چھاڑ میں حماس ملوث ہے۔ امریکا حماس پر پابندیاں عائد کرنے پرغور کررہا ہے۔حماس کے ترجمان سامی ابو زھری نے جان کیری کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی وزیرخارجہ فلسطینیوں کیخلاف اسرائیلی فوج کے منظم جرائم کی پردہ پوشی کرتے ہوئے نہ صرف مظلوم فلسطینیوں کے زخموں پر نمک پاشی کررہے ہیں بلکہ انہوں نے حماس پر پابندیوں کی دھمکی دیکر’انسانیت‘ دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ جان کیری کے بیان سے ثابت ہوگیا ہے کہ وہ صرف فلسطینیوں ہی کے نہیں بلکہ پوری مسلم امہ کیخلاف ہیں۔ترجمان نے جان کیری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ متنازع بیان بازی سے گریز کریں، جو حماس کا دشمن ہوگا وہ تمام عرب اور مسلمان ممالک کا دشمن سمجھا جائیگا۔