سیول(نیوز ڈیسک) شمالی کوریا ایٹمی دھماکوں کی جگہ پر ایک نئی سرنگ کھود رہا ہے جس سے لگتا ہے کہ وہ مستقبل قریب میں مزید ایٹمی دھماکے کرے گا۔ جنوبی کوریا کی نیوز ایجنسی کے مطابق شمالی کوریا کے مشرقی ساحل پر واقع سائٹ پر پہلے تین ایٹمی دھماکے کئے گئے تھے اور اب ایک بار پھر وہاں پر گاڑیوں اور افراد کی نقل و حرکت دیکھی جا سکتی ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہاں پر کوئی سرنگ کھودی جا رہی ہے۔ جنوبی کوریا کی وزارت کے ترجمان نے ان رپورٹس کی تصدیق نہیں کی مگر یہ کہا کہ ہم امریکہ سے مل کر شمالی کوریا کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ یہ رپورٹ ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب جنوبی کوریا، جاپان اور چین کے درمیان شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے مذاکرات ہونے والے ہیں۔