اسلام آباد(نیوز ڈیسک)چین نے’ون چائلڈپالیسی‘ تبدیل کردی ہے اور اب والدین کو دوسرا بچہ پیداکرنے کی بھی اجازت ہوگی جس کا اطلاق ابتدائی طورپر تین صوبوں میں کردیاگیاجبکہ دیگرصوبوں نے بھی محکمہ صحت سے رابطے شروع کردیے تاہم ابتدائی طورپر یہ واضح نہیں ہوسکاکہ کتنے وقفے کے بعد وہ دوسرا بچہ پیداکرسکتے ہیں۔چین کے خبر رساں ادارے کے مطابق نیشنل پیپلز کانگریس کی مجلس قائمہ نے ون چائلڈ پالیسی میں تبدیلی کے لیے اصلاحات نافذ کرنے کا اعلان کردیا ہے، پالیسی میں تبدیلی کے لیے قائمہ کمیٹی میں چھ روز تک بحث جاری رہی۔بتایاگیاہے کہ کمیٹی نے بالآخر پالیسی کو مرحلہ وار ختم یا اس میں ترمیم کا فیصلہ کیا اور خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق نئی پالیسی کو ابتدائی طور پر تین صوبوں میں نافذ کردیاگیا۔چین کے قومی ادارے برائے صحت اور خاندانی منصوبہ بندی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق نئی پالیسی کا اطلاق تین صوبوں، ڑی جیانگ، آنہوئی اور جیانگ شی میں کردیا گیا ہے، نئی پالیسی کے تحت اب ہر وہ خاندان جس میں میاں یا بیوی میں سے ایک اپنے والدین کی اکلوتی اولاد ہو تو وہ دو بچے پیدا کرسکیں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مزید 9 صوبوں نے بھی نئی پالیسی کے اطلاق کیلئے اپنے پلان کو جمع کرادیا ہے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں