اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان اور چین نے اقتصادی راہداری منصوبے کو دونوں ممالک کے عوام اور پورے خطے کیلئے مفید قرار دیتے ہوئے تکمیل کیلئے کوششوں کو مربوط بنانے پر اتفاق کیا ہے جبکہ پاکستان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ سی پیک کے تحت شروع کئے گئے منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی سیکیورٹی ہر حال میں یقینی بنائی جائیگی۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی سے چینی وزیر خارجہ و ڈائریکٹر جنرل شعبہ خارجہ سلامتی ایمبیسڈر لیو گوان ژان نے بدھ کو دفتر خارجہ میں ملاقات کی ۔ چینی خصوصی نمائندے 12 رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ہیں وفد میں چینی حکومت کے سینئر نمائندے شامل ہیں ۔ چین کا وفد پاکستان میں اسلام آباد، لاہور، کراچی اور گوادر کے علاقوں کا دورہ کر رہاہے تاکہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت شروع کئے گئے منصوبوں کی تکمیل کیلئے مربوط کوششوں میں تعاون کیا جا سکے ۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم کے خصوصی معاون سید طارق فاطمی نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی انتہائی خصوصی نوعیت کی ہے اور دونوں ممالک میں ہر سطح پر پاک چین دوستی کو حمایت حاصل ہے ۔ خطے کو باہم مربوط بنانے اور تجاری روابط کے وسیع مواقع فراہم کرنے کیلئے پاک چین اقتصادی راہداری کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے چینی وفد کوپاکستانی حکومت کی جانب سے راہداری سے متعلقہ منصوبوں پر کام کرنیوالے چینی کارکنوں کی حفاظت اور سیکیورٹی یقینی بنانے کی غرض سے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا ۔ چینی وزیر خارجہ کے خصوصی نمائندے نے پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے حکومت پاکستان کے تعاون کو سراہتے ہوئے ابتک ہونیوالی پیشرفت کا خیر مقدم کیا ۔ انہوںنے امید ظاہر کی کہ اس منصوبے سے نہ صرف پاکستان اور چین کے عوام بلکہ پورا خطہ مستفید ہو گا۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں