کابل(نیوزڈیسک)افغانستان کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ نے کہا ہے کہ اگر پاکستان تمام عسکریت پسندوں کیخلاف نہیں لڑ سکتا تو ہم بھی اس پر اعتماد نہیں کر سکتے ۔ افغان وزراءکونسل سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبد اللہ نے کہا کہ انہیں شک ہے کہ پاکستان امن کے عمل میں کردار ادا نہیں کر رہا کیونکہ نواز شریف کہہ چکے ہیں کہ پاکستان افغان طالبان کیخلاف نہیں لڑ سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے وزیراعظم نواز شریف کی باتیں سنی ہیں اور ہمیں توقع ہے کہ وہ امن کیلئے طالبان کی حوصلہ افزائی نہیں کرینگے ۔ انہوں نے بھارتی زبان استعمال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کی بہتری کیلئے اعتماد سازی ضروری ہے اس قسم کے خیالات سے معلوم ہوتا ہے کہ پاکستان دہشتگردی کیخلاف لڑنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا ۔ ہم پھر ان سے کہتے ہیں کہ وہ بلا امتیاز عسکریت پسندوں کا خاتمہ کرے دہشتگرد کسی کے مددگار نہیں ہوتے اور وہ سب کو نقصان پہنچانے اور صرف اپنے مفادات کے تحت کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں، پالیسی مقاصد کیلئے دہشتگرد گروپوں کا استعمال نہیں ہونا چاہئے اور تمام گروپوں کیخلاف مل کر لڑنے کی ضرورت ہے ۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عبد اللہ کے اس قسم کے خیالات سے معلوم ہوتا ہے کہ افغان حکومت طالبان سے مذاکرات کی بحالی کیلئے تیار نہیں جبکہ امریکہ سمیت دیگر ممالک پاکستان پر زور دے رہے ہیں کہ وہ طالبان کو مذاکرات کی میز پر لائیںتاکہ افغانستان میں امن کی راہ ہموار ہو سکے ۔