نئی دہلی (آن لائن) بھارت کے نامور صحافی وکرانت گپتا نے پی سی بی چئیرمین شہریارخان اور نجم سیٹھی کے ساتھ بھارت کے ناروا رویے پر پاکستانی عوام سے معافی مانگ لی ہے۔ نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وکرانت گپتا نے کہا کہ پی سی بی چئیرمین شہریار خان اور نجم سیٹھی ہمارے مہمان تھے ان کے ساتھ جیسا سلوک کیا گیا اس پر وہ پاکستانی عوام سے معافی مانگتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے شہریار خان اور نجم سیٹھی کو ممبئی بلا کر غلطی کی، انہیں پتہ تھا ادھر چند عرصے سے حالات ٹھیک نہیں چل رہے ہیں تو انہیں ممبئی نہیں بلانا چاہئے تھا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارت کی جانب سے جنوبی افریقہ کے ساتھ دوسرے ٹیسٹ میچ کے بعد پاکستانی کرکٹ بورڈ کو سیریز کی ہاں یا ناں کا جواب دینا طے پایا تھا تاہم اب حالات مزید بگڑ گئے ہیں جس کے بعد یہ سیریز ہوتی نظر نہیں آ رہی۔ بی سی سی آئی کے نائب انوراگ ٹھاکر حکومتی سرپرستی ے بورڈ میں آئے ہیں اس لئے وہ ایسی بات کبھی نہیں کریں گے جو حکومت کے خلاف ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیریز بے شک نہ ہوتی تاہم مہمانوں کو گھر بلا کر عزت دی جاتی ہے جو بھارتی کرکٹ بورڈ نہ کر سکا اور اس بات پر وہ شرمندہ ہیں اور پاکستانی عوام سے معافی بھی مانگتے ہیں۔