نیویارک (نیوز ڈیسک)اقوام متحدہ اور امریکا نے پاکستان اورافغانستان میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کیلیے امداد کی پیش کش کر دی ہے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے پاکستان اور افغانستان میں زلزلے سے اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ درخواست کی گئی تو اقوام متحدہ کے متعلقہ ادارے پاکستان اور افغانستان میں ریلیف آپریشن کیلئے تیار ہیں۔ ادھر وائٹ ہاو س کے ترجمان جوش ارنسٹ کا کہنا ہے کہ امریکا پاکستان اور افغانستان میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں ہر طرح تعاون کے لیے تیار ہے۔ امریکی حکام اس سلسلے میں دونوں ممالک کی حکومتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔