جدہ (نیوزڈیسک) سعودی حکام کی طرف سے ملازمین کے تحفظ کے لئے کئے جانے والے اقدامات میں حالیہ دنوں میں تیزی دیکھنے میں آرہی ہے۔ تنخواہوں کی بروقت ادائیگی نہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کا آغاز ہوچکا ہے جبکہ اب جنرل آرگنائزیشن فار سوشل انشورنس کی طرف سے یہ اعلان بھی کردیا گیا ہے کہ ملازمین کو برخاست کرنے والی کمپنیاں اگر اپنے اس عمل کی درست وجوہات بیان نہیں کریں گی تو انہیں 10 ہزار سعودی ریال کا جرمانہ کیا جائے گا۔ عرب نیوز کے مطابق سوشل انشورنس ادارے کے نمائندہ عبداللہ بن محمد کا کہنا تھا کہ بعض کمپنیاں ملازمین کو برخاست کرتے ہوئے غلط وجوہات بیان کرتی ہیں تاکہ ملازمین کو انشورنس اور زرتلافی وغیرہ سے محروم رکھا جاسکے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ استعفے کی وجہ محض اس صورت میں بیان کی جانی چاہیے کہ جب کوئی ملازم اپنی رضامندی سے استعفیٰ دے اور اسی طرح معاہدے کے اختتام پذیر ہوجانے کی صورت میں بھی یہ وجہ واضح الفاظ میں بیان کی جانی چاہیے۔ ادارے کی طرف سے اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ ملازمین کو برخاست کرنے کی جائز اور درست وجوہات بیان کی جائیں، اور یہ کہ ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔