قاہرہ(نیوزڈیسک)سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور مصر شام کے بارے میں یکساں مو قف رکھتے ہیں اور ان کے نزدیک صدر بشارالاسد کے لیے جنگ زدہ ملک کے مستقبل میں کوئی جگہ نہیں ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق وہ قاہرہ میں اپنے مصری ہم منصب سامح الشکری کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس میں گفتگو کررہے تھے۔انھوں نے ایک مرتبہ پھر اپنے ملک کے اس مو ¿قف کا اعادہ کیا ہے کہ بشارالاسد کا بعد از جنگ شام میں کوئی کردار نہیں ہے۔اس موقع پر سامح الشکری نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور مصر کے درمیان شام کے بارے میں مو ¿قف میں کوئی اختلافات نہیں ہیں اور دونوں ممالک اس حوالے سے یکساں مو ¿قف کے حامل ہیں۔سعودی وزیرخارجہ نے بتایا کہ شام میں جاری تنازعے کے حل کے لیے بین الاقوامی سطح پر ہونے والی بات چیت میں کچھ پیش رفت ہوئی ہے لیکن کسی نتیجے تک پہنچنے کے لیے ابھی مزید مشاورت درکار ہے۔انھوں نے کہاکہ میرا یقین ہے کہ کچھ پیش رفت ہوئی ہے اور شامی بحران کے حل کے لیے ہم قریب قریب آئے ہیں لیکن میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ ہم کسی سمجھوتے تک پہنچ گئے ہیں۔ہمیں اس تک پہنچنے کے لیے ابھی مزید مشاورت درکار ہے۔