ریاض ( نیوزڈیسک)سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے فرانسیسی وزیراعظم مینول والز نے الریاض میں ملاقات کی ہے اوران سے خطے میں ہونے والی تازہ پیش رفت ،دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کے مختلف طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانسیسی وزیراعظم نے اعلیٰ حکام اور سرکردہ کاروباری شخصیات کے ساتھ سعودی عرب کا دو روزہ دورہ کیا ،ان کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے دوسرے سعودی ،فرانسیسی بزنس فورم میں شرکت کی ہے۔شاہ سلمان اور فرانسیسی وزیراعظم کے درمیان ملاقات میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد نایف ،نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان،الریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر،نیشنل گارڈ کے وزیر شہزادہ متعب بن عبداللہ اور وزیرمملکت مسعد بن محمد آل ایبین بھی موجود تھے۔ملاقات میں فرانسیسی وفد میں شامل وزیرخارجہ لوراں فابیئس ،وزیردفاع ڑاں وائی ویس لی دریان کے علاوہ متعدد وزراءاور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔فرانس اور سعودی عرب کے درمیان اس موقع پر مختلف شعبوں میں دس ارب یورو کے معاہدے بھی طے پائے ہیں۔ان میں توانائی ،صحت ،خوراک ،سیٹلائٹ اور انفراسٹرکچر کے شعبے میں دوطرفہ تعاون سے متعلق سمجھوتے اور معاہدے شامل ہیں۔فرانس سے اس سال اعلیٰ سطح کے وفد کا سعودی عرب کا یہ تیسرا دورہ تھا۔