نئی دہلی ( نیوزڈیسک)بھارتی حکومت نے اپنے ماہی گیروں کی پاکستانی علاقے میں پکڑی جانے والی کشتیوں کو چھڑوانے کےلئے وفد پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کےلئے متعلقہ اداروں سے نام طلب کرلئے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق گجرات حکومت کے ماہی گیری کے بارے میں کمشنریٹ نے پہلے ہی اپنے نام مرکزی وزارت داخلہ کو بھیج دیئے ہیں جبکہ بھارتی اداروں سے نام آنا باقی ہیں ۔بھارتی میڈیا کے مطابق وفد کی تشکیل کے بعد پاکستان سے رابطہ کیا جائیگا تاکہ وفد کے دورے کےلئے تاریخ طے کی جائے ۔گجرات انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان کے ماہی گیروں کی 22کشتیاں پکڑی گئی ہیں ۔راجیہ سبھا میں ارکان نے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ پاکستانی جیلوں میں قید 257بھارتی ماہی گیروں کی رہائی اور 837کشتیوں کی واپسی کےلئے رابطہ کریں ۔واضح رہے کہ پاکستان نے مارچ میں بھارتی ماہی گیروں کی 57کشتیاںان کے حوالے کی تھیں ۔