لندن (نیوز ڈیسک) دنیا کی مخیر شخصیات میں بل گیٹس پہلے نمبر پر ہیں۔ بزنس انسائیڈر اور ویلتھ ایکس کی جانب سے مرتب کردہ رپورٹ کے مطابق بل گیٹس کے پاس 84 ارب ڈالر ہیں اور وہ اب تک 27 ارب ڈالر کی خیرات کر چکے ہیں۔ بل گیٹس اینڈ میلنڈا گیٹس فاونڈیشن ترقی پذیر ممالک میں غربت میں کمی، صحت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں خیرات کرتی ہے اور پاکستان سمیت مختلف ممالک کو پولیو ویکسین بھی فراہم کر رہی ہے۔ بل گیٹس نے وارن بفٹ کے ساتھ مل کر ایک مہم بھی شروع کی جس کا مطلب ارپ پتیوں کو اپنی دولت کا ایک مناسب حصہ خیرات کرنے پر قائل کرنا تھا۔ دوسرے نمبر پر آنے والے وارن بفٹ بھی اب تک 21 ارب ڈالر کی خیرات کر چکے ہیں۔ فیس بک کے بانی مارک زکر برگ مخیر حضرات کی فہرست میں نویں نمبر پر ہیں اور وہ اب تک ڈیڑھ ارب ڈالر خیرات میں دے چکے ہیں۔ دنیا کے سب سے بڑے اسلامی بینک کے بانی سلیمان بن عبدالعزیز کے اثاثوں کی مالیت ایک ارب ڈالر سے بھی کم ہے جبکہ وہ 5.7 ارب ڈالر کی خیرات کرچکے ہیں اور اسی طرح چارلس فرانسس فینے کے اثاثوں کی مالیت 15 لاکھ ڈالر ہے مگر وہ اپنی زندگی میں ساڑھے چھ ارب ڈالر کی خیرات کر چکے ہیں۔