تہران(نیوزڈیسک)ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی نے ایران اور چھ بڑی طاقتوں کے درمیان طے پانے والے جوہری اتفاق رائے پر عملدرآمد کی منظوری دے دی ۔میڈیارپورٹس کے مطابق منگل کی صبح پارلیمنٹ کے اجلاس میں سنگل ارجنسی بل کے ذریعے جوہری اتفاق رائے کی تفصیلات کی منظوری دی گئی جس کے تحت حکومت کو رضاکارانہ طور پر پانچ جمع ایک گروپ کے ساتھ طے پانے والے جائنٹ کمپری ہینسیو پلان آف ایکشن پر شرائط کے مطابق علمدرآمد کا اختیار دیا گیا ہے۔ بل پر رائے شماری کے وقت پارلیمنٹ میں دوسو پچاس ارکان موجود تھے جن میں سے ایک سو اکسٹھ نے بل کے حق میں جبکہ انسٹھ نے مخالفت میں ووٹ دیئے۔ تیرہ ارکان پارلیمنٹ نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ ایران کی پارلیمنٹ نے اتوار کے روز سو کے مقابلے میں ایک سو انتالیس ووٹوں سے جوائنٹ کمپری ہینسیو پلان آف ایکشن پر عملدرآمد سے متعلق جنرل آوٹ لائن کی منظوری دے دی تھی۔