برلن(نیوزڈیسک)جرمنی کی وفاقی حکومت کے مہاجرین کے امور سے متعلق معاون خصوصی، پیٹر آلٹمائر نے کہاہے کہ جرمنی میں بڑے پیمانے پر آنے والے مہاجرین کو سنبھالنے کے لیے سرحد پر ٹرانزٹ زونز قائم کیے جائیں گے،جرمن ریڈیوکو دیئے گئے ایک انٹرویومیں وفاقی حکومت کے مہاجرین کے امور سے متعلق معاون خصوصی پیٹر آلٹمائر نے کہاکہ موجودہ صورتحال کی روشنی میں ٹرانزٹ زونز کا قیام خارج از امکان نہیں ہے،ان کا کہناتھا کہ ٹرانزٹ زونز قائم کرنے کا حتمی فیصلہ آئندہ ہفتے آلٹمائر اور جرمن چانسلر امیرکل کے درمیان ملاقات کے بعد کیا جائے گا۔ مجوزہ ٹرانزٹ زونز میں ’محفوظ قرار دیے گئے ممالک‘ سے آنے والے مہاجرین کو رکھا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایسے مہاجرین ، جو شناختی دستاویزات کے بغیر یا جعلی شناخت کے ساتھ جرمنی میں داخل ہو رہے ہیں، انہیں بھی ٹرانزٹ زونز میں رکھا جائے گا۔آلٹمائر کا مزید کہنا تھا کہ جرمن سرحدوں پر ٹرانزٹ زونز کے قیام سے حکومت کو یہ فیصلہ کرنے میں آسانی ہو گی کہ کون سے ایسے پناہ گزین ہیں، جن کو حفاظت فراہم کرنے کی ضرورت ہے اور کون صرف اقتصادی وجوہات کی بنا پر پناہ حاصل کرنے کا خواہش مند ہے۔