دمشق (نیوز ڈیسک) شام میں روسی بمباری سے باغی گروپ کا ہیڈکوارٹرز تباہ ہوگیا۔ روسی وزارت خارجہ سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے بشارالاسد حکومت کے مخالف لیوا الحق باغی گروپ کے ہیڈکوارٹرز کو جمعہ کے روز نشانہ بنایا گیا۔ اس حوالے سے روس کی جانب سے ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں ایک طیارے کو بم گراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ماسکو کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وہ داعش اور دیگر شدت پسند گروہوں کو نشانہ بنا رہا ہے مگر مغربی ممالک کا اعتراض ہے روس کی جانب سے بشارالاسد حکومت کے مخالفین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ایسی بھی رپورٹس آئی تھیں کہ عراقی فضائیہ کے حملے میں ابوبکر البغدادی مارا گیا مگر پھر بیان دیا گیا یہ واضح نہیں ہے کہ جس قافلے کو نشانہ بنایا گیا اس میں البغدادی بھی شامل تھا یا نہیں۔ ادھر روسی فضائیہ کی معاونت سے شامی فورسز بھی کارروائی میں مصروف ہیں