اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سکھ تنظیموں، گوردواروں اور سیکڑوں مساجد نے متفقہ طور پر نومبر کے وسط میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ برطانیہ کی بھرپور مخالفت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔سکھ تنظیموں کا حال ہی میں ساوتھ ہال کے گرو سنگھ سبھا گوردوارے میں اجلاس ہوا تھا جس میں نریندر مودی کے دورہ برطانیہ کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی تھی۔ سکھ فیڈریشن ( یوکے) کے گرجیت سنگھ نے اس نمائندے کو بتایا کہ 12 اور13 نومبر کو پارلیمانی میٹنگوں سے لے کر عوامی جلسوں تک کئی اقسام کے احتجاج کا پروگرام بنالیا گیا ہے ، ہمارے احتجاج کو مسلمانوں اور بھارتی تنظیموں کی حمایت بھی حاصل ہوگی۔ کشمیرکے نوجوان رہنما فہیم کیانی نے کہا ہے کہ 200 سے زیادہ مساجد بشمول انڈین گجراتی مسلم تنظیموں کے مودی کے دورے کے حوالے سے حکمت عملی طے کرنے کیلئے کئی اجلاس منعقد ہوئے ہیں۔ مودی بھارتی گجرات میں دو ہزار سے زیادہ مسلمانوں کے قتل عام کا ذمہ دار ہے۔ فہیم کیانی نے کہا کہ احتجاج کا پروگرام طے کرنے کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں ۔