کوالالمپور(نیوزڈیسک) غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ملائیشیاء کے دارالحکومت کوالالمپور میں جیون ساتھی کی تلاش کیلئے ایک ادارہ قائم کیا گیا ہے جسے حلال سپیڈ ڈیٹنگ کا نام دیا گیا ہے۔ حلال سپیڈ ڈیٹنگ میں شادی کے خواہشمند مرد وخواتین کی آپس میں ملاقات کروائی جاتی ہے تاہم اس ملاقات کے دوران لڑکی کے سرپرست کا ساتھ رہنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ حلال سپیڈ ڈیٹنگ کے بانی زہری یوہی کا کہنا تھا کہ دیگر ویب سائٹس جس قسم کی آفرز اپنے کلائنس کو دیتے ہیں اس کی اسلام میں قطعی اجازت نہیں ہے۔ ہمارا مقصد صرف دو افراد کے درمیان رشتہ ازدواج قائم کرنا ہے۔ ہمارے زیادہ تر کلائنٹس کو یہ اُمید ہوتی ہے کہ اُن کو جیون ساتھی مل جائے گا۔ ہمارا کلائنٹ ممکنہ طور پر تین لوگوں کو اپنے لئے پسند کر سکتا ہے لیکن ایک وقت میں صرف ایک سے شادی کی بات چلا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حلال سپیڈ ڈیٹنگ سینٹر میں شادی کیلئے لڑکی کے سرپرست یا ولی کی اجازت لازمی ہے۔