نئی دہلی (نیوزڈیسک) بھارتی حکومت نے فرانس سے 36 جنگی جہاز خریدنے کیلئے اپنی ہی فوج کی درخواست مسترد کردی ہے۔ بھارتی دفاعی حکام نے وزیر دفاع منوہر پارکر کے حوالے سے بتایا ہے کہ بھارت کے پاس مذکورہ جہاز خریدنے کیلئے فنڈز نہیں اور بھارتی ائر فورس کو ملک میں تیار کئے گئے جہاز ”تجاس مارک ون اے“ شامل کرنے چاہیے۔ بھارتی حکومت کے اس فیصلے سے فرانسیسی کمپنی اور دوسروں کو شدید دھچکا لگا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارت کو اس وقت جنگی جہازوں کی کمی کا سامنا ہے اور اس حوالے سے بھارتی فوج میں تشویش پائی جاتی ہے۔ یاد رہے وزیراعظم مودی اس برس دورہ فرانس کے موقع پر 44 ”رفالے“ جنگی جہاز خریدنے کا اعلان کیا تھا اور ان میں سے 36 جہاز سرفہرست تھے۔ بھارتی ائر فورس نے اپریل میں کہا تھا کہ چین اور پاکستان کا مقابلہ کرنے کیلئے اسے 45 جنگی جہازوں کی ضرورت ہے۔ رپورٹ میں کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم مودی ملکی انڈسٹری کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔