ریاض(نیوزڈیسک) سعودی عرب اور عمان کے درمیان میگاروڈ پراجیکٹ کی تعمیر مکمل ہوگئی ہے اور اس روڈ کے افتتاح کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سفر 800کلومیٹرتک کم ہوجائے گا۔عمان کے سفیر احمد ہلال البسیدی نے کہاکہ یہ روڈ جلد ہی عوام کے لیے کھول دیاجائے گا، دونوں ممالک سڑک کے دونوں اطراف امیگریشن پوسٹوں اور چیک پوسٹوں سمیت انتظامی انفراسٹرکچر کی تعمیر پرکام کررہے ہیں جس کی وجہ سے روڈ پراجیکٹ کاافتتاح تاخیر کا شکار ہوااور یہ دونوں ممالک کے درمیان پہلا براہ راست زمینی رابطہ ہے ۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب اور عمان کااب متحدہ عرب امارات کے ذریعے آپس میںزمینی رابطہ ہے اوراس کا مجموعی سفر 2000کلومیٹر بنتاہے ، اب سعودی عرب اور عمان کے درمیان سفر کرنیوالوں کو متحدہ عرب امارات میں داخلے کی ضرورت نہیں ہوگی ۔ عمانی سفیر کاکہناتھاکہ یہ سڑک براہ راست جنوبی عمان جائے گی جبکہ سعودی عرب میں اس کی لمبائی 519کلومیٹر ہے ۔اس موٹروے پراجیکٹ پر سعودی عرب نے 1.6بلین ریال خرچ کیے جو کہ سعودی عرب کے مشرقی صوبے الاحسیٰ اور راب الخالی صحرا سے گزرکر عمان بارڈرتک جائے گی ۔یہ سڑک تقریباً 160کلومیٹر تک عمان کے اندرہے جو کہ عبری صوبہ میں تنم کے علاقے سے شروع ہوکر عمان سعودی بارڈرتک جائے گی ۔