اوٹاوہ (نیوزڈیسک) کینیڈا کی فیڈرل کورٹ آف اپیلز نے چہرے کا پردہ کر کے سٹیزن شپ کا حلف اٹھانے کی خواہشمند خاتون کے حق میں فیصلہ دیدیا۔ عدالت نے حکومت کی جانب سے کی گئی درخواست کو مسترد کر دیا جس میں عدالت سے 15 ستمبر کے فیصلے کو روکنے کی استدعا کی گئی تھی۔ اس فیصلے میں بھی عدالت نے سٹیزن شپ کی تقریب میں چہرے کا پردہ کرنے پر اصرار کرنیوالی زنیرہ اسحاق کے حق میں فیصلہ دیا تھا۔ حکومت اب اس فیصلے پر عملدرآمد روکنے کیلئے سپریم کورٹ میں اپیل کرے گی۔ کینیڈا کے صوبے کیوبک میں پردے کا معاملہ انتہائی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ سروے کے مطابق آبادی کی اکثریت نقاب پر پابندی کے حق میں ہے۔ کیوبک کی اپوزیش نیو ڈیموکریٹک پارٹی نے پردے پر پابندی کی حمایت سے انکار کیا ہے۔