اسلام آباد( اے این این )پاکستان نے کہاہے کہ وہ شام میں بشارالاسد کی حمایت کرتا ہے جبکہ روس شام میں دہشت گردوں کے خلاف لڑائی میں معاونت کررہا ہے تاہم عام شہریوں کو بچانا ناگزیر ہے ۔ شام کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر ریٹائر ایئر مارشل اطہر حسین بخاری نے ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہاکہ روس کو اپنے فضائی حملے فقط دہشت گردوں کے ٹھکانوں تک محدود رکھنے چاہیے تاکہ شہری آبادی کا نقصان نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان شروع سے ہی بشارلاسد کی حکومت کی حمایت کررہا ہے اور ان کو شام کا آئینی صدر تسلیم کرتا ہے اگر شام کی عوام نے انہیں دوبارہ منتخب کیا تو پاکستان تائید کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ روس کا شام میں کارروائی کا مقصد فقط دہشت گردوں کا خاتمہ ہے تاہم شہریوں کے جانی نقصان سے بچنا ناگزیر ہے۔ اگر روسی حملوں میں عام شہری مارے گئے تو نقصان ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم ہرقسم کی دہشت گردی بالخصوص داعش کی مذمت کرتے ہیں جو ا سلامی دنیا کیلئے بڑا خطرہ ہے ، ہم سب کو داعش کے خلاف متحد ہونا ہوگا اور اسے ختم کرنا ہوگا۔ اگر ہم نے اس کو کنٹرول نہ کیا تو یہ عراق اور شام سے نکل کر دوسرے اسلامی ممالک تک پھیل سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ شامی مسئلے کا حل شامی عوام کے پاس ہی ہے کسی دوسرے ملک کو حل مسلط نہیں کرنا چاہیے۔ اگر عوام سمجھیں گے تو بشارالاسد کو تبدیل کردینگے۔ مسئلہ مذاکرات کے ذریعے سیاسی انداز میں حل کیا جانا چاہیے۔ ہم شام میں آزادانہ ،منصفانہ الیکشن کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شام کی اپوزیشن اور مسلح گروپوں کو الیکشن میں حصہ لینے کا پورا حق حاصل ہے اور مسلح گروپوں کو سیاسی دھارے میں لانا چاہیے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ ایران کا کردار خطے میں مثبت ہے اور وہ داعش کے خلاف مدد کررہا ہے۔ شام میں بھی داعش کے خلاف ہمیں ایران کی مدد درکار ہے۔