برسلز(نیوزڈیسک)معاہد شمالی اوقیانوس کی تنظیم نیٹو نے روس سے کہا ہے کہ وہ شام میں دولتِ اسلامیہ عراق وشام(داعش)کے خلاف فوجی کارروائیوں پر اپنی توجہ مرکوز کرے اور شامی حزب اختلاف اور عام شہریوں پر حملے بند کرے۔نیٹو نے روس کی جانب سے ترکی کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی بھی شدید مذمت کی ہے۔نیٹو کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ترکی کی فضائی حدود میں دراندازی بہت ہی خطرناک تھی۔فوجی اتحاد روس سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ شامی حزب اختلاف اور شہریوں پر تمام حملے روک دے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہاتحادی ترکی کی خودمختار فضائی حدود کی خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج کرتے ہیں اور وہ نیٹو کی فضائی حدود میں دراندازی کی مذمت کرتے ہیں۔اتحادیوں نے اس طرح کے غیر ذمے دارانہ طرزعمل سے لاحق سنگین خطرے کو بھی نوٹ کیا ہے