نئی دہلی (نیوزڈیسک)بھارتی فوج مقبوضہ جموں کشمیر کے پیر پنجال پہاڑی سلسلے میں کنٹرول لائن پر رواں سال کے آخر تک ریموٹ کنٹرولڈ مشین گنیں نصب کرے گی۔یہ بات مقبوضہ جموں کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی16ویں کور کے سربراہ آر آر نمبھورکر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی فوج جموں کو کشمیر سے علیٰحدہ کرنے والے پیر پنجال کے پہاڑی سلسلے پر کنٹرول لائن کیساتھ ریموٹ کنٹرول مشین گنیں نصب کرے گی ۔انہوںنے کہاکہ ریموٹ کنٹرول سے چلنے والی اس طرح کی چھوٹی مشین گن کا کا میاب تجربہ اکھنور سیکٹر میں کیاگیا جس کے نتائج سے یہ ظاہر ہوا کہ ان ہتھیاروں کی تنصیب سے سکیورٹی فورسز کو عسکریت پسند وں کی مداخلت روکنے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔مقامی طورپر تیار کی جانے والی اس ریموٹ کنٹرول مشین گن میں انفراریڈ سینسر لگے ہوئے ہیں جن کی شعاعوں سے کنٹرول لائن کی باڑ سے 80میٹر کے فاصلے تک کسی بھی حرکت کابآسانی کھوج لگایا جاسکتاہے ۔انہوں نے کہاکہ باڑ اور لائن آف کنٹرول کے درمیان بعض مقامات پر دو کلومیٹر تک کا فاصلہ بھی ہے ۔سینسرز کو خودکار مشین گنوں سے جوڑا گیاہے جن کے اوپر نائٹ ویژن دور بینیں نصب ہیں ۔ان مشین گنوں میں150ڈگری کے زاویئے تک بھی مڑ نے کی صلاحیت ہے ۔