اوسلو( اے این این ) امریکہ نے کہا ہے کہ بھارت اپنے ایٹمی ہتھیاروں میں اضافہ کررہا ہے ،پاکستان توازن برقرار رکھنے کیلئے جوابی اقدامات کرسکتا ہے ۔ یہ بات امریکہ کے اعلیٰ حکومتی عہدیدار اور نائب وزیر برائے بیورو آف آرمز کنٹرول فرینک روز نے گزشتہ روز ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی طرف سے ایٹمی ہتھیاروں میں اضافے سے خطے میں تشویش پائی جاتی ہے اور اس سے دیگر ملک بھی ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل ہوسکتے ہیں۔ پاکستان بھی بھارت کے مقابلے میں توازن برقرار رکھنے کیلئے جوابی اقدامات کرسکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایران اور شمالی کوریا بھی ایٹمی ہتھیار بنا رہے ہیں اور ایران نے عالمی معاہدے کے باوجود اپنا بیلسٹک میزائل پروگرام جاری رکھا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ روس اور چین اپنے ایٹمی ہتھیاروں کو جدید ترین بنا رہے ہیں اور یہ ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاﺅ کے جذبے کےخلاف ہے ۔