وزیانگرام (نیوز ڈیسک) بھارت میں 155 سال پہلے بننے والے کالج میں کل تین طلباء زیرتعلیم ہیں اور ایک لیکچرر فرائض سرانجام دے رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مہاراجہ آف وزیانگرام نے ایم آر گورنمنٹ سنسکرت کالج وزیانگرام 1860 میں بنایا جسے 1950 میں حکومت نے اپنی تحویل میں لے لیا۔ 2004 میں اسے دو حصوں میں تقسیم کردیا گیا۔ ایک حصہ گورنمنٹ سنسکرت سکول اور دوسرا حصہ گورنمنٹ سنسکرت کالج بنا دیا گیا۔ اب سکول میں 371 طلباء زیرتعلیم ہیں اور 13 اساتذہ فرائض سرانجام دے رہے ہیں جبکہ کالج میں صرف تین طلباءتعلیم حاصل کر رہے ہیں جنہیں پڑھانے کیلئے ایک ہی لیکچرر ہے جو کالج کا پرنسپل بھی ہے۔سکول و کالج کے اساتذہ کا کہنا ہے کہ زیرتعلیم زیادہ تر بچے پسماندہ علاقے سے تعلق رکھتے ہیں، اس لئے وہ روزگار کے حصول کے لئے سنسکرت کے بجائے کسی پیشہ ور ڈگری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔