نئی دہلی(نیوز ڈیسک) بھارت نے الزام عائد کیا ہے کہ گلگت بلتستان پر چین کا خفیہ قبضہ ہے،وہاں بھی دہشتگردی کے کیمپ موجود ہیں،ترقیاتی منصوبوں کی آڑ میں اس خطے میں چینی ورکرز قیام پذیر ہیں،پاکستان آزاد کشمیر کے عوام کا بھی استحصال کر رہا ہے۔بھارتی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور جتندر سنگھ نے لوک سبھا میں اپنے خطاب میں پاکستان پر الزام عائد کر تے ہوئے کہاہے کہ اسلام آباد آزادکشمیر کے عوام کی آواز کو 1947ءسے دبا رہاہے اور ان کا بری طرح استحصال کیا جارہاہے۔انہوں نے کہاکہ ان لوگوں میں پاکستان کیخلاف بے چینی بڑھتی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کے عوام کے ساتھ ترقیاتی امور کے علاوہ صحت اور تعلیم سمیت دیگر بنیادی سہولیات میں امتیازی سلوک روا رکھاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان پر بھی چین نے خفیہ قبضہ کیا ہے۔انہیں نسلی امتیاز کا سامناہے۔اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں دہشتگردی کے کیمپ بھی موجود ہیں۔چین نے یہاں کان کنی اور شاہراہوں کی تعمیر سمیت متعدد منصوبے شروع کررکھے ہیں ان منصوبوں کی آڑ میں میں بہت بڑی تعداد میں چینی ورکرز بھی قیام پذیر ہوچکے ہیں۔