برسلز(نیوزڈیسک)مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی بڑی فوجی مشقوں کا آغاز(آج)ہفتہ سے ہورہاہے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ فوجی مشقیں چھ نومبر تک اٹلی، پرتگال اور اسپین کے مختلف علاقوں میں جاری رہیں گی۔ اِن مشقوں میں اتحاد کی رکن ریاستوں کے چھتیس ہزار فوجی شریک ہیں۔ سن 2002 کے بعد نیٹو کی یہ سب سے بڑی فوجی مشقیں ہیں۔ ان مشقوں میں کینیڈا، ناروے، جرمنی، بیلجیم، ہالینڈ، اٹلی، اسپین اور پرتگال کے فوجی شامل ہیں۔ ان فوجی مشقوں کو ’ٹرائیڈنٹ جنکچر 2015‘ کا نام دیا گیا ہے۔ مشقوں کے کمانڈ سینٹر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ ان مشقوں کے دوران موجودہ اور مستقبل کے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے ممکنہ اقدامات کی مشقیں کی جائیں گی۔