ریلے(نیوز ڈیسک)امریکی ریاست شمالی کیرولینا میں سمندری طوفان کے خطرے کے پیش نظر لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی، جبکہ نیو جرسی اور ورجینیا میں ایمرجنسی لگا دی گئی ہے۔ نیشنل ہری کین سینٹر کے مطابق سمندری طوفان جاکوئن 130میل فی گھنٹہ کی رفتار سے امریکہ کی مشرقی ریاستوں کی جانب بڑھ رہا ہے اور آئندہ 24گھنٹوں کے دوران یہ مزید طاقتور ہو جائے گا۔ حکام نے طوفان کے ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے شمالی کیرولینا میں حفاظتی انتظامات کر لیے ہیں اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت بھی جاری کردی ہیں۔ نیوجرسی اور ورجینیا میں پہلے ہی بارشوں سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں۔ اور اب طوفان سے مزید تباہی کا خدشہ ہے جس کے باعث ان ریاستوں میں بھی ایمرجنسی لگا دی گئی ہے۔