نئی دہلی(نیوز ڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستانی وزیر اعظم کی جانب سے مسئلہ کشمیر اٹھائے جانے پر بھارتی وزارت خارجہ کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے بھی واویلا شروع کر دیا ہے۔ بھارت کے ایک سابق سفارتکار نے ٹویٹ کیا ہے کہ نواز شریف کی تقریر ان کے اپنے ملک میں تو پذیرائی حاصل کرسکتی ہے لیکن باقی دنیا میں اسے کوئی اہمیت نہیں دے گا۔ اس سے قبل بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پاکستان سے کشمیر کا قبضہ چھوڑنے کا مطالبہ کیا تھا جسے بھارتی سوشل میڈیا پر متعدد بار ری ٹویٹ کیا گیا۔ پاکستان کے امریکا میں سابق سفیر حسین حقانی کا اپنے ٹویٹ میں کہنا تھا کہ پاکستان نے اس تقریر سے کچھ حاصل نہیں کیا، صرف چند ممالک ہی اس موقف کی حمایت کریں گے۔ ایک اور ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ایسی تقاریر صرف اندرون ملک ہی سراہی جاتی ہیں، دنیا میں کوئی ان کا نوٹس نہیں لیتا۔ دوسری جانب بھارتی صارفین نے پاکستان کو بلوچستان میں ظلم و تشدد کا مجرم قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پاکستان کشمیر سے فوج واپس بلائے۔ واضح رہے کہ نواز شریف کے جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر بلوچ علیحدگی پسندوں اور ایم کیو ایم کے حامیوں نے بھی مظاہرہ کیا تھا۔