واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکہ میں ریپبلکن پارٹی کا صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ میں شامل ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر وہ صدر بن گئے تو امریکہ کی جانب سے قبول کیے گئے تمام شامی پناہ گزینوں کو واپس بھیج دیا جائے گا۔ انھوں نے نیو ہیمپشائر میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا اگر میں جیتا تو وہ واپس جائیں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بیان ان کے گذشتہ بیان کے برعکس ہے، جب انھوں نے امریکی چینل فوکس نیوز کو بتایا کہ امریکہ کو مزید پناہ گزین لینے چاہیئں۔ منگل کی شب کین ہائی سکول میں حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں نے سنا ہے کہ ہم دو لاکھ شامیوں کو لینا چاہتے ہیں، سنیں، وہ داعش ہوسکتے ہیں۔ شامی پناہ گزینوں کو دو لاکھ افراد کی فوج قرار دیتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ میں لوگوں کو مطلع کر رہا ہوں کہ وہ بڑے پیمانے پر ہجرت کے طور پر شام سے یہاں آرہے ہیں اور اگر میں جیت گیا تو وہ واپس جائیں گے