نیویارک (نیوز ڈیسک) روسی ہیکروں نے کم از کم پانچ بار ہلیری کلنٹن کے پرائیویٹ ای میل پر حملے کئے۔ برطانوی اخبار دی ٹیلیگراف کے مطابق آج جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اگست 2011 میں ایک متاثرہ ای میل سپیڈنگ ٹکٹ کے طور پر بھیجی گئی، اس ای میل پر کلک کرنے سے ہیکر کمپیوٹر پر کنٹرول حاصل کرسکتے تھے مگر ابھی یہ واضح نہیں ہے ہلیری نے اس ای میل پر کلک کیا تھا یا نہیں۔ تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ اس سافٹ ویئر سے چوری کردہ معلومات بیرون ملک تین سرورز کو بھیجی جانی تھیں اور ان میں سے ایک سرور روس میں تھا مگر اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ روسی حکومت اس کی ذمہ دار ہے۔ ہلیری کی صدارتی مہم کے ترجمان نک میرل کا کہنا ہے اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ ہلیری نے ایسے کسی ای میل کا جواب دیا یا اس پر کلک کیا جبکہ یہ پہلے بھی کہا جا چکا ہے کہ ہیلری کے سرور سے معلومات چوری ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ یاد رہے ہلیری کی جانب سے بطور وزیر خارجہ نجی سرور استعمال کئے جانے کی تحقیقات کی جارہی ہے