اسلام آباد(نیوز ڈیسک)آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں دنیا بھر کے رہنماﺅں کے سامنے مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں اجاگر کیا۔بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کا خطاب متوازن تھا، جس میں انہوں نے مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں پیش کیا اور کہا کہ ہم اس مسئلہ کا پرامن حل چاہتے ہیں۔ میر واعظ کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے دنیا کو امن کا پیغام دیا اور انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری تناﺅ کو ختم کرنے کے لئے 4نکاتی فارمولہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب بھارت مذاکرات سے فرار کا راستہ اختیار نہیں کر سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے تمام مسائل مذاکراتی عمل سے حل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا کہ کشمیر اور فلسطین میں ظلم و ستم ختم کئے بغیر دنیا کے تنازعات حل نہیں ہو سکیں گے