انقرہ(نیوزڈیسک)پاکستان اور ترکی نے ڈیزاسٹرمینجمنٹ کے شعبہ میں اشتراک کار اور تعاون بڑھانے کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے ترکی میں پاکستان کے سفیر اور ترک اعلیٰ حکام کے مابین ملاقات کے دوران کیا گیا۔ ترکی میں پاکستان کے سفیر سہیل محمود اور ترک ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی کے صدر ڈاکٹر فاوت اکتے کے مابین ملاقات ہوئی جس میں ڈیزاسٹرمینجمنٹ کے شعبہ میں تعاون بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران ترکی میں پاکستان کے سفیر سہیل محمود نے ترک ڈیزاسٹر مینجمنٹ ادارہ کی طرف سے پاکستان میں حالیہ قدرتی سانحات میں ریلیف آپریشن کے دوران کئے گئے تعاون کو سراہا۔ دونوں اطراف نے ڈیزاسٹرمینجمنٹ شعبہ کی معلومات اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے سمیت متعدد کئی نئی شروعات کے لئے کام کرنے پر اتفاق کیا، دونوں ممالک نے ماہرین کی تربیت، مشترکہ مشقوں، مشترکہ طور پر کانفرنسز کے انعقاد اور تعاون بڑھانے کے لئے اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلہ جات اور علاقائی تناظر میں وسیع تر دوطرفہ تعاون کے لئے مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔