نئی دہلی (نیوزڈیسک)بھارت کے صدر پرناب مکھر جی نے اپنی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ عالمی طاقتوں سے ایران کے جوہری سمجھوتے سے فائدہ اٹھائے اور ایران , پاکستان ,بھارت گیس پائپ لائن منصوبے کو آگے بڑھائیں جس سے خطے میں استحکام آئےگا جبکہ چاہ بہار بندر گاہ کو خلیج فارس کے ملک سے ملایا جائے ۔جنوب اور وسطی ایشیاءمیں تعاون کے ذریعے ترقی امن اور سلامتی کے موضوع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ بھارت کے وسطی ایشیائی خطے سے قریبی تعلقات ہیں اور ہمیں باہمی مفید تعلقات کو آگے بڑھانا چاہیے ایران کے حالیہ جوہری سمجھوتے سے خطے کے درمیان رابطے بڑھانے کی نئی راہیں کھلے گیں ۔ایران پر پابندیاں ہٹنے سے انٹر نیشنل , شمال جنوب راہداری منصوبے پر بھی کام شروع ہوسکتا ہے انہوںنے کہاکہ بھارت کا مستقبل کرامت شدہ توانائی , تیل اور گیس سے وابستہ ہے جس کےلئے ہمیں نئے ذرائع تلاش کر نا ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اس سمجھوتے کے بعد ایرا ن , پاکستان , بھارت گیس پائپ لائن منصوبے پر کام بحال ہوسکتا ہے کیونکہ ایران پہلے ہی اپنے علاقے میں پائپ لائن بچھا چکا ہے اور یہ توانائی کے منصوبے مستقبل میں جیو سٹریٹجک استحکام کے حوالے سے گیم چینجر ثابت ہوسکتے ہیں ۔