واشنگٹن(نیوز ڈیسک) اقوامِ متحدہ کی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے سربراہ یوکیا امانو رواں ہفتے ایران کا دورہ کریں گے جہاں وہ ایرانی حکام کے ساتھ جوہری معاہدے پر عمل درآمد کے طریقہ کار پر گفتگو کریں گے۔ یوکیا امانو کے دورے کا اعلان ایران کے اعلیٰ جوہری مذاکرات کار علی اکبر صالحی نے ویانا میں عالمی ادارے کے سربراہ سے ملاقات کے بعد کیا۔ آئی اے ای اے نے بھی ذرائع ابلاغ کو بھیجے گئے ایک ای میل پیغام میں یوکیا امانو کے دورہ ایران کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دورے کی تفصیلات طے کی جارہی ہیں۔ سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے علی اکبر صالحی نے بتایا کہ عالمی ادارے کے 12 سے 13 ماہرین کی ایک ٹیم منگل کو تہران پہنچ رہی ہے جب کہ عالمی ادارے کے سربراہ بھی آئندہ تین سے چار روز میں تہران کا دورہ کریں گے۔ ایرانی رہنما نے امید ظاہر کی تھی کہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق باقی ماندہ معاملات 15 دسمبر تک طے پاجائیں گے جس کے بعد ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان طے پانے والے جوہری معاہدے پر عمل درآمد شروع ہوسکے گا۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں