اسلام آباد(نیوز ڈیسک) چین نے پاکستان پرعالمی پابندیاں لگوانے کی بھارتی کوشش ناکام بنادی۔ بھارتی حکومت لشکر طیبہ اور ذکی الرحمن لکھوی کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھا کر پابندیاں عائد کرانا چاہتی تھی۔ تفصیلات کے مطابق ممبئی حملوں کے مقدمہ میں بھارت ذکی الرحمن لکھوی کو ماسٹر مائنڈقرار دیتا ہے لیکن ثبوت مانگنے پر آئیں بائیں شائیں کے سوا کوئی جواب نہیں ملتا۔ ذکی الرحمن لکھوی کو عدالت نے ناکافی شواہد کی بنیاد پر رہا کیا تو بھارتی حکومت نے واویلا شروع کر دیا۔پاکستان کا ایک ہی جواب ہے کہ معاملہ قانونی ہے، ٹھوس ثبوت لاﺅ۔ بھارتی حکومت اس معاملہ کو اقوام متحدہ کی کمیٹی میں لے کر گئی۔ بھارتی درخواست پر بلائے گئے اجلاس میں پاکستان سے وضاحت مانگی گئی کہ وہ ذکی الرحمن لکھوی کی رہائی کی وجوہات بیان کرے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق چین کے اقوام متحدہ میں مندوب نے بھارتی کوشش فوری ناکام بنا دی اور کہا کہ بھارت نے خود لکھوی کے خلاف کافی ثبوت مہیا نہیں کئے۔