برلن(نیوزڈیسک)جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے کہا ہے کہ برطانیہ کے یورپی یونین میں رہنے سے متعلق ریفرنڈم سے دونوں ممالک کے تعلقات کو کوئی خطرہ نہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق انجیلا میرکل نے اپنے نشریاتی پیغام میں کہا کہ دونوں ممالک کی سیاسیات میں بہت سے مماثلتیں ہیں اور لندن اور برلن کو اپنے قریبی تعلقات پر خوش ہونا چاہیے۔ ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملکہ برطانیہ (کل) پیر سے جرمنی کا دورہ کرنے والی ہیں۔ میرکل نے امید ظاہر کی کہ برطانیہ یورپی یونین کا حصہ رہے گا۔ میرکل نے کہا کہ یورپی یونین میں اصلاحات کے حوالے سے لندن حکومت کی تجاویز پر مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔